ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راشن مانگنے والے کووزیر خوراک امیش کتی نے دیامرجانے کا مشورہ، امیش کتی کا بیان بی جے پی کی اصل ذہنیت کا عکاس: ڈی کےشیو کمار

راشن مانگنے والے کووزیر خوراک امیش کتی نے دیامرجانے کا مشورہ، امیش کتی کا بیان بی جے پی کی اصل ذہنیت کا عکاس: ڈی کےشیو کمار

Thu, 29 Apr 2021 14:12:19    S.O. News Service

بنگلورو، 29؍اپریل(ایس او   نیوز)راشن کے چاول کی مانگ کرنے والے ایک شخص کو مرجانے کا مشورہ دینے والے ریاستی وزیر برائے شہری رسد وخوراک امیش کتی پر کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے شدید نکتہ چینی کی ہے اور وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا سے مانگ کی ہے کہ کتی کو فوراً وزارت سے بے دخل کردیا جائے۔

کے پی سی سی دفتر میں ایک اخباری کانفرنس سے انہوں نے کہا کہ جو شخص بھوک اورپیاس سے پریشان ہے اور اپنے لئے راشن مانگ رہا ہے، اسے مرنے کا مشورہ دینے والے کو کیسے وزیر خوراک رہنے دیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیاوزیر نے جو بیان دیا ہے وہ بی جے پی کی تہذیب کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دوراقتدار میں انا بھاگیہ اسکیم کے تحت 7کلو چاول دئیے گئے، اس کے بعد بی جے پی حکومت نے اسے گھٹا کر 5کلو کردیا،اب اس میں اور زیادہ کمی کر کے محض دوکلو کیا جا رہا ہے۔ اس کمی کے بارے میں اگرکوئی غریب وزیر خوراک سے دریافت کرنے کے لئے جاتا ہے تو وزیر اسے مرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر چھ ماہ کیلئے بنے، سال کے لئے بنے یا حکومت کے انتظامیہ کی پوری مدت کے لئے رہے،اس پر یہ ذمہ داری ہے کہ اچھا کام کرے۔کانگریس پارٹی نے سوشیل میڈیا پر بھی امیش کتی کی اس حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی نا اہل حکومت رہے یا جائے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔کانگریس نے تبصرہ کیا ہے کہ ریاست کا انتظامیہ کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران بدبختی سے نا اہل وزراء اور پوری طرح بیٹے پر منحصر وزیر اعلیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ اس ماحول میں جہاں لوگ زندگی اور موت کی جنگ میں اوراپنے اقرباء کو بچانے میں لگے ہیں اور ہر طرف سے پریشان ہیں، ایسے میں ریاستی بی جے پی حکومت کا ایک غیر ذمہ دار وزیر لوگوں کو مرنے کا مشورہ دے رہا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ اس حکومت کو لوگوں کی جان بچانے کی کوئی فکر نہیں۔حال ہی میں وزیر محصولات آ ر اشوک نے کہا کہ لوگوں کی آخری رسومات کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہ ہونے پائے، اس کے لئے حکومت افزود شمشانوں کا انتظام کر رہی ہے۔ اب ایک وزیر کی طرف سے لوگوں کو مرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔


Share: